دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے گئے دبئی ٹیسٹ کے بعد آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے۔ نئی رینکنگ کے مطابق آسٹریلین اوپننگ بلے بازعثمان خواجہ دونوں اننگز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد پہلی بار ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ کینگروز کے بلے بازوں کو ٹف ٹائم دینے والے پاکستانی باﺅلر محمد عباس کیریئر بیسٹ 13 ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔
آئی سی سی کی بلے بازوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی براجمان ہیں جبکہ پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ نہیں بنا سکا۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی سب سے زیادہ رینکنگ رکھنے والے بلے باز ہیں جو 16 ویں نمبر پر براجمان ہیں تاہم اس سے پہلے وہ 14 ویں نمبر پر تھے ۔
باﺅلرز کی رینکنگ میں برطانیہ کے جیمز اینڈرسن 899 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ اس شعبے میں بھی کوئی پاکستانی باﺅلر ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہے۔آل راﺅنڈرز کی رینکنگ میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے نمبر پر ہیں ۔
پاکستانی بلے بازوں کی بات کی جائے تو2 سال تک منظر سے غائب رہنے والے محمد حفیظ نے شاندار انداز میں واپسی کی اور بہترین بلے بازی کے باعث 45واں نمبر حاصل کرلیا ہے۔ پاکستانی بلے باز اسد شفیق 5 درجے بہتری کے بعد 20 ویں ، حارث سہیل 17 درجے ترقی کے بعد 57 ویں اور امام الحق 22 درجے ترقی سے 88 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔