پاک نیوزی لینڈ ون ڈے سیریز، پہلا مقابلہ کل ابوظہبی میں سجے گا

Last Updated On 07 November,2018 11:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا امتحان کل ابوظہبی کے میدان میں ہو گا، قومی شاہینوں نے چھوٹے فارمیٹ کی بڑی کامیابیوں کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کر دیا۔

ابوظہبی میں اب ون ڈے کرکٹ کا کڑا امتحان ہو گا، مدمقابل نیوزی لینڈ اور پاکستان ہیں، میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہہ پہر چار بجے شروع ہو گا۔ ٹی ٹوئنٹی میں فتوحات سمیٹنے والے قومی شاہینوں نے ون ڈیز میں بھی اونچی اڑان بھرنے کی ٹھان لی۔

ٹارگٹ سیٹ اور تیاریاں مکمل کر لی گئیں، ٹریننگ سیشن میں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کرتے ہوئے خوب پسینہ بہایا، نئے فارمیٹ میں نئے کمبی نیشنز کے لیے ٹیم منیجمنٹ نے سر جوڑ لیے، ٹی 20 میں کلین سویپ کرنے والے شاہینوں نے کیویز سے مسلسل پانچ ون ڈے سیریز ہارنے کا بدلہ چکانے پر نظریں جما لیں۔

ادھر مہمان نیوزی لینڈ نے بھی جیت کا عزم ظاہر کر دیا، تیسری پوزیشن پر قبضہ برقرار رکھنے کے لیے کیویز نے سخت مشقت اور محنت کر لی۔ ون ڈے فارمیٹ میں کیویز کا پلہ بھاری ہے، 21 سیریز میں سے 13 ٹیم نیوزی لینڈ کے نام رہیں۔