ایک اوور میں 43 رنز، کرکٹ کی دنیا کا انوکھا ریکارڈ

Last Updated On 07 November,2018 09:19 pm

ہیملٹن: (ویب ڈیسک) کرکٹ کے کھیل میں یہ انوکھا ریکارڈ نیوزی لینڈ میں بنا جہاں لسٹ اے کے ایک میچ میں ایک اوور میں 47 رنز بنائے گئے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈوئچے ویلے کی رپورٹ کے مطابق کرکٹ کا یہ نیا اور ناقابل یقین ریکارڈ نیوزی لینڈ میں جاری فورڈ ٹرافی کے لسٹ اے کے میچ میں بنا جو ہیملٹن کے میدان میں بنا۔

ناردرن ڈسٹرکٹس کی ٹیم کے بلے بازوں جو کارٹر اور بریٹ ہیمپٹن نے سینٹرل ڈسٹرکٹس کے خلاف کھیلتے ہوئے وِلم لُڈِک کے ایک اوور میں 43 رنز بنائے۔ اس میچ میں چھ گیندوں کا اوور دراصل آٹھ گیندوں کا ہو گیا تھا، جس کی وجہ دو نو بالز تھے۔

اس اوور میں بریٹ ہیمپٹن نے پہلی گیند پر ایک چوکا لگایا، جس کے بعد اگلی دونوں گیندیں نو بالز تھیں۔ ان پر ہیمپٹن نے مسلسل دو چھکے لگا دیے۔ اس سے اگلی گیند پر بھی انہوں نے ایک چھکا لگایا اور پھر ایک سنگل لے کر وہ پچ کے دوسرے سرے پر پہنچے تو بیٹنگ اینڈ پر بولر کے سامنے جو کارٹر تھے۔

تب تک اس اوور میں تسلیم شدہ طور پر صرف تین گیندیں ہی کی گئی تھیں اور 25 رنز بن چکے تھے۔ اگلی تین گیندوں پر جو کارٹر نے تین مسلسل چھکے لگا دیے اور اپنے ساتھ ساتھ بریٹ ہیمپٹن کو بھی کرکٹ ریکارڈز کی کتابوں میں لے گئے۔

جب وِلم لُڈِک نے اپنا اوور پورا کیا، تو اسکور بورڈ پر شائقین کو اعداد کی یہ ترتیب نظر آئی: 4,6nb,6nb,6,1,6,6,6۔ یہی نہیں بولر لُڈِک جن کا تب تک اس میچ میں بولنگ ریکارڈ نو اوورز میں ایک وکٹ کے بدلے 42 رنز تھا، اپنے اس اوور کے اختتام پر 10 اوورز میں ایک وکٹ لے کر 85 رنز دینے والے بولر بن چکے تھے۔

 

یوں انہوں نے اپنے پہلے نو اوورز میں کُل 42 رنز دیے جبکہ دسویں اوور میں 43 رنز۔ کرکٹ کے تجزیہ نگاروں کے مطابق ایسے کسی تاریخی اوور کے بعد یہ ناممکن نہیں کہ بولر کو رات کو نیند میں بھی اپنی گیندیں اڑ کر باؤنڈری کے پار جاتی ہوئی نظر آئیں۔

اس سے پہلے دنیا بھر میں کسی بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میچ میں ایک اوور میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بنگلا دیشی کرکٹر علاؤالدین بابو نے 2013ء میں بنایا تھا۔ انہوں نے ڈھاکا پریمیئر لیگ کے ایک مقابلے میں ایک اوور میں 39 رنز بنائے تھے۔