پشاور: (دنیا نیوز) امریکہ، چین، سعودی عرب، جنوبی افریقا اور جرمنی میں گلوبل زلمی لیگ کے لیے ٹیموں کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔
گلوبل زلمی لیگ کھیلنے والے دو پاکستانی کرکٹرز جنوبی کوریا کی ٹیم میں شامل ہیں جبکہ ہانگ کانگ کی کولون زلمی کی ٹیم بھی زلمی فیملی کا حصہ بن گئی ہے۔ گلوبل زلمی لیگ کے شیڈول اور مقام کا بڑا اعلان جلد کیا جائیگا۔
پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی نے کولون زلمی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ گلوبل زلمی لیگ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی کرکٹرز کے لیے بڑا پلیٹ فارم بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل زلمی لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے شیڈول اور مقام کا اعلان جلد کیا جائیگا۔
دوسری جانب گلوبل زلمی کے تیسرے ایڈیشن کے لیے امریکہ، سعودی عرب اور جرمنی میں بھی زلمی ٹیموں نے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، سعودی عرب زلمی کی جانب سے گلوبل زلمی لیگ کے ٹرائلز سات نومبر کو منعقد ہوں گے۔
امریکہ میں بھی زلمی ٹیمز نے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ . امریکہ کی دس ریاستوں میں زلمی کلبز موجود ہیں اور حال ہی میں لاس اینجلس زلمی بھی یوایس زلمی چیپٹر کا حصہ بنی ہے۔ جنوبی افریقا میں بھی جوہانسبرگ زلمی نے پریکٹس میچ کھیل کر تیاریوں کا آغاز کیا۔
گلوبل زلمی لیگ کی دفاعی چیمین شاؤژنگ زلمی کی ٹیم نے بھی پریکٹس کی۔ گلوبل زلمی میں انچیون زلمی سے کھیلنے والے دو پاکستانی کرکٹرز دانیال خان اور مدثر اقبال کو کوریا کی نیشنل ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے جس پر گلوبل زلمی فیملی اور چیرمین جاوید آفریدی نے مبارکباد دی ہے۔