کرکٹر احمد شہزاد کو پابندی کی خلاف ورزی پر سزا میں اضافے کا سامنا

Last Updated On 04 November,2018 10:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پابندی کے باوجود میچ کھیلنے پر احمد شہزاد کی سزا میں 6 ہفتے کا اضافہ کر دیا۔ احمد شہزاد ڈوپ ٹیسٹ کی وجہ سے ان دنوں پابندی کا شکار ہیں۔

 پی سی بی کی پابندی کے باوجود کلب میچ کھیلنا احمد شہزاد کو مہنگا پڑ گیا۔ کرکٹ بورڈ نے خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے احمد کی سزا بڑھا دی۔ ان پر 11 نومبر تک پابندی عائد تھی جس میں اب مزید 6 ہفتے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ رواں سال مئی میں منعقدہ پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے دوران لیا گیا تھا، کرکٹر بلوچستان ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے۔ ڈوپ ٹیسٹ میں حشیش کی مقدار پائی گئی تھی، یہ قوت بخش ادویات میں شمار تو نہیں ہوتی تاہم حشیش تفریحی نشہ میں ضرور آتی ہے۔

پابندی کے باوجود احمد شہزاد باز نہ آئے اور سوئی سدرن گیس کی جانب سے میچز کھیلے جس پر انہیں پی سی بی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ احمد شہزاد نے شوکاز نوٹس کے جواب میں موقف اختیار کیا کہ وہ کرکٹ سرگرمیوں کو جاری رکھنا چاہتے تھے تاہم پی سی بی نے ان کا جواب ناکافی سمجھتے ہوئے مزید چھ ہفتوں کی پابندی عائد کر دی۔