ٹی ٹونٹی میچ: پاکستان جیت گیا، نیوزی لینڈ کو 2 رنز سے شکست

Last Updated On 01 November,2018 12:22 am

ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات میں کھیلی جا رہی ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے تھے۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ قومی ٹیم نے کیویز کھلاڑیوں کو جیت کیلئے 149 رنز کا ٹارگٹ دیا لیکن مہمان ٹیم یہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ کیوی ٹیم کی جانب سے مونرو کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

دیگر بلے بازوں میں جی ڈی فلپس 12، کے ایس ولیم سن 11 اور ایںڈرسن صرف 9 رنز ہی بنا سکے۔ ٹیلر نے آخری اوور تک مزاحمت دکھائی لیکن ان کی تمام تر کاوشیں بے سود رہیں اور ان کی ٹیم نیوزی لینڈ فتح حاصل نہیں کر سکی۔ ٹیلر نے 42 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی کامیاب بولر رہے جنہوں نے 35 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم اور شاداب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل ابوظہبی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ٹیم کو میدان میں اتارا۔

پاکستان کی جانب سے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں آصف علی 24 اور کپتان سرفراز احمد 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اے ایف میلنے نے 2 جبکہ پٹیل، گرینڈہومی اور سودی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔

خیال رہے کہ ابھی حال ہی میں آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے دوسری ٹیموں پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں تین صفر سے کامیابی حاصل کر کے کینگروز کو کلین سویپ کیا تھا۔