اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس بلانے سے پہلے کچھ بنیادیں باتیں طے کرنی ہیں۔ نواز شریف گھریلو صدمے سے گزر رہے ہیں، انھیں کچھ وقت لگے گا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق نے مولانا فضل الرحمان کے گھر پر ان سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تمام اپوازیشن اس بات متفق ہے کہ اپوزیشن کو ایک پیچ پر ہونا چاِہے۔ مولانا نے بتایا کہ راجہ ظفر الحق نے تجویز دی کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے پہلے اس کے قواعد و ضوابط طے کئے جائیں۔
میڈیا سے بات چیت کے دوران راجہ ظفر الحق نے کہا کہ شہباز شریف، نواز شریف اور آصف زرداری کے نہ آنے کی وجہ سے اے پی سی کی ناکامی کا تاثر غلط ہے، اپوزیشن جلد ایک پلیٹ فارم پر کھڑی نظر آئے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن کے مستحکم اتحاد کے لیے بنیادی اصول طے کرنے ہیں، شہباز شریف اپوزیشن جماعتوں کیساتھ بیٹھ کر ٹی او آرز طے کریں گے، ٹی او آرز طے ہونے کے بعد ہی باضابطہ طور پر اے پی سی کو ممکن بنا سکیں گے۔