اسلام آباد: (دنیا نیوز) سوئٹزرلینڈ نے پاکستان کو سوئس بینک اکاؤنٹس تک رسائی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر تھامس کولی کا کہنا ہے سوئس حکومت کرپشن اور ٹیکس چوری کاپیسہ اپنے ملک میں نہیں آنے دے گی۔
وفاقی وزیر قانون بیرسٹرفروغ نسیم سے پاکستان میں متعین سوئٹزرلینڈ کے سفیر تھامس کولی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر قانون نے کرپشن خاتمے کیلئے سوئس حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔
تھامس کولی نے کہا کہ سوئس حکومت کرپشن اور ٹیکس چوری کاپیسہ اپنے ملک میں نہیں آنے دے گی، بدعنوانی روکنے کیلئے سوئس حکومت پاکستان سے تعاون کیلئے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وائٹ منی اسٹریٹجی کے تحت سوئس حکومت بلیک منی کو اپنے فنانشل سیکٹر کے قریب نہیں آنے دیگی۔
وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرپشن کے خاتمے کیلئے سوئس حکومت سے تعاون درکار ہے، سوئس سفیر تھامس کولی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کے کردار کو سراہا۔