اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) موخر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے موقف اپنایا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے قبل پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں اے پی سی سے متعلق معاملات طے کیے جائیں، میں اجلاس بلانے کیلئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو درخواست کرتا ہوں اور اس سلسلے میں ان سے جلد رابطہ بھی کرونگا۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق نے مولانا فضل الرحمان کے گھر پر ان سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تمام اپوازیشن اس بات متفق ہے کہ اپوزیشن کو ایک پیچ پر ہونا چاِہے۔ مولانا نے بتایا کہ راجہ ظفر الحق نے تجویز دی کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے پہلے اس کے قواعد و ضوابط طے کئے جائیں۔
میڈیا سے بات چیت کے دوران راجہ ظفر الحق نے کہا کہ شہباز شریف، نواز شریف اور آصف زرداری کے نہ آنے کی وجہ سے اے پی سی کی ناکامی کا تاثر غلط ہے، اپوزیشن جلد ایک پلیٹ فارم پر کھڑی نظر آئے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن کے مستحکم اتحاد کے لیے بنیادی اصول طے کرنے ہیں، شہباز شریف اپوزیشن جماعتوں کیساتھ بیٹھ کر ٹی او آرز طے کریں گے، ٹی او آرز طے ہونے کے بعد ہی باضابطہ طور پر اے پی سی کو ممکن بنا سکیں گے۔