ابو ظہبی: (ویب ڈیسک) دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کے 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
قومی بلے باز پرُاعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھا رہے ہیں اور 18 اوورز کے اختتام تک بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 89 رنز بنا لیے ہیں، فخر زمان 50 اور بابر اعظم 29 رنز پر کھیل رہے ہیں جب کہ امام الحق تیز باؤنسر لگنے کی وجہ سے سنبھل نہ سکے اور بیٹنگ چھوڑ کر پویلین لوٹ گئے۔
امام الحق زخمی:
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم 12ویں اوور کی پہلی گیند پر فرگسن کی ایک گیند امام الحق کے ہیلمٹ پر جا لگی اور وہ زمین پر گر گئے۔ میدان میں موجود طبعی عملے نے ان کی مددتو کی مگر وہ جب اٹھ کر کھڑے ہوئے تو وہ اپنا بیلنس مکمل طور پر نہیں رکھ سکے اور انھیں سکینز کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
Imam ul Haq has been taken to the hospital for scans. Get well soon @ImamUlHaq12 #PAKvNZ pic.twitter.com/oXpAUwx5RZ
— PCB Official (@TheRealPCB) November 9, 2018
اس سے قبل ٹاس نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جورج وورکر اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا اور دوسرے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے منرو کو پویلین واپس بھیج دیا وہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے ہی کپتان کین ولیمسن کو رن آؤٹ کرکے کیویز کی مشکلات میں اضافہ کردیا، ولیمسن ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ ابتدائی نقصان کے بعد وورکر اور روس ٹیلر کے درمیان 46 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ جارج وورکر کو محمد حفیظ نے 28 کے انفرادی سکور پر بولڈ کیا۔
نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 16 ویں اوور میں گری جب کیوی بلے باز لیتھم ان فارم گیند باز شاہین شاہ آفریدی کے ان سوئنگ یارکر پر صرف 1 رن بنا کلین بولڈ ہوئے۔
پانچویں وکٹ پر راس ٹیلر اور نکولس نے 75 رنز جوڑ کر ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر لانے کی کوشش کی تاہم حسن علی نے نکولس کو 33 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کرکے خطرے کو ٹال دیا،جب کہ آنے والے بیٹسمین گرینڈ ہومے 3 اور ساؤتھی 13 رنز پر چلتے بنے، سوڈھی نے 13، بولٹ اور فرگوسن نے ایک ایک جب کہ تجربہ کار بیٹسمین راس ٹیلر نے 86 رنز کی باری کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،حسن نے 2، حفیظ اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
تین میچز پر مشتمل سیریز میں کیویز کو قومی ٹیم پر 0-1 کی برتری حاصل ہے، گرین شرٹس کو سیریز بچانے کے لیے میچ لازمی جیتنا ہوگا اور شکست کی صورت میں کیویز ٹیم ٹرافی کی حق دار ٹھہرے گی۔آج کے میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ قومی ٹیم میں جنید خان کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا گیا ہے، وہ ٹخنے کی انجری کا شکار ہیں۔ قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف پر مشتمل ہے۔
نیوزی لینڈ کے لیگ اسپنر ٹوڈ ایسٹل انجری کا شکار ہونے کے بعد بغیر کوئی میچ کھیلے وطن واپس روانہ ہوگئے، جب کہ آج کے میچ کے لیے کیویز ٹیم جارج وارکر، کولن منرو، کپتان کین ولیمسن، روس ٹیلر، ٹام لیتھم، ہینری نیکولس، کولن گرینڈ ہوم، ٹم ساؤتھی، ایس سودھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ پر مشتمل ہے۔