پرتھ: (دنیا نیوز) پرتھ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، دو سو ستاسی رنز کے آسٹریلوی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مہمان بھارت نے 5 وکٹ پر 112 رنز بنا لیے۔
سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان آسٹریلیا نے ایک سو بتیس رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز شروع کی اور ٹوٹل کو دو سو تینتالیس رنز تک پہنچا کر کوہلی الیون کو دو سو ستاسی رنز کا ہدف دیا۔
جواب میں مہمان ٹیم کی صفر پر پہلی اور تیرہ پر دوسری وکٹ گر گئی، اڑتالیس کے مجموعے پر کپتان ویرات کوہلی بھی چلتے بنے، پہلی اننگز کے سنچری میکر کپتان صرف سترہ رنز بنا سکے۔
بیس رنز پر کھیلتے اوپنر مرلی وِجے کینگروز کا چوتھا شکار بنے، اٹھانوے کے ٹوٹل پر ریہانے بھی چلتے بنے۔ کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم نے پانچ وکٹ پر ایک سو بارہ رنز بنا لیے، جیت کے لیے بھارت کو 175 رنز، آسٹریلیا کو 5 وکٹیں درکار ہیں۔