دورہ جنوبی افریقہ:پریکٹس میچ سے قبل اہم کھلاڑی فٹ نہ ہوسکے

Last Updated On 18 December,2018 11:33 pm

جوہانسبرگ: ( آن لائن )فخر زمان گھٹنے، محمد عباس کندھے اور شاداب گروئن انجری کا شکار ہیں: ذرائع

جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے جوہانسبرگ میں موجود قومی کھلاڑی ابھی تک مکمل طور پر فٹنس مسائل سے چھٹکارا پانے میں ناکام رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جارح مزاج اوپننگ بلے باز فخر زمان، فاسٹ بالر محمد عباس اور لیگ سپنر شاداب خان تاحال اپنی فٹنس حاصل کرنے کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں۔

فخر زمان گھٹنے، محمد عباس کندھے اور شاداب گروئن انجری سے مکمل طور پر چھٹکارا نہیں پاسکے ہیں اور شاداب خان اور محمد عباس بدھ سے جنوبی افریقہ انویٹیشن الیون کے خلاف شروع ہونے والے تین روزہ پریکٹس میچ میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے جب کہ اوپنر فخر زمان کی بھی میچ میں شرکت کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

قومی ٹیم بدھ سے جنوبی افریقی انویٹیشن الیون کے خلاف تین روز ہ پریکٹس میچ کھیلے گی جس کے لیے کھلاڑی بینونی میں سخت ٹریننگ کر رہے ہیں، دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا اور رپورٹس کے مطابق اب اس بات کا بھی قوی امکان موجود ہے کہ محمد عباس اور شاداب خان پہلے ٹیسٹ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔