سنچورین: محمد عباس اور حارث سہیل فٹ ہو گئے، دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے

Last Updated On 29 December,2018 09:28 pm

سنچورین: (دنیا نیوز) محمد عباس اور حارث سہیل فٹ ہوگئے، دونوں کھلاڑی جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے۔ کپتان سرفراز احمد نے ٹیسٹ میچز کی دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن کا دباؤ میں آنا، ناکامیوں کی وجہ قرار دیدیا۔

دورہ جنوبی افریقہ میں پاکستان ٹیم کے لئے اچھی خبر آ گئی۔ اَن فٹ محمد عباس اور حارث سہیل فِٹ ہو گئے۔ دونوں کھلاڑی دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے۔

اس سے قبل قومی ٹیم سنچورین ٹیسٹ میں تین دن بھی پروٹیز کا مقابلہ نہ کرسکی اور میزبان ٹیم نے 6 وکٹوں سے سنچورین ٹیسٹ جیتا۔

دوسری جانب کپتان سرفراز احمد نے ٹیسٹ میچز کی دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن کا دباؤ میں آنا ناکامیوں کا سبب قرار دے دیا۔ کہتے ہیں دو برس سے اسی خامی کے سبب ٹیسٹ میچز ہار رہے ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچز کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔