کیپ ٹاؤن: (دنیا نیوز) جنوبی افریقی ٹیم کی کامیاب پیش قدمی کے سامنے گرین شرٹس ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں بھی پھسل گئے جب انہیں پہلے معرکے میں 6 رنز سے ناکامی کا بوجھ اٹھانا پڑا اور 192 رنز کے جواب میں میں 9 وکٹوں پر 186 رنز بناسکے۔
پاکستانی کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈ سنبھالی۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 192 رنز بنائے۔ فاف ڈو پلیسز 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 78 رنز جبکہ ریزا ہینڈرکس 8 چوکوں کیساتھ 2 چھکوں سمیت 74 رنز بنانے میں کامیا ب رہے۔ عثمان شنواری نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم کے سوا دیگر باؤلرز رنز روکنے میں بھی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔
پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 186 رنز بناسکی۔ شعیب ملک 49 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، حسین طلعت نے 40 اور بابر اعظم نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ آصف علی 13 اور حسن علی 11 رنز بنا سکے۔ بیوران ہینڈرکس، کرس مورس اور تبریز شمسی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو 6 رنز سے کامیابی اور سیریز میں ایک صفر کی برتری دلادی۔ بہترین فیلڈنگ اور 4 کیچز پکڑنے پر ڈیوڈ ملر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔