نئی دہلی: (ویب ڈیسک) میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ہمارے دل پلواما میں مارے جانے والے جوانوں کے ساتھ ہیں،ہم ہر اس فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں جو عوام چاہے گی اور کرکٹ بورڈ کا فیصلہ ہوگا۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ اور حکومت انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کرے گی پوری بھارتی ٹیم ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار پر غور شروع کردیا ہے تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
اس سے قبل اس معاملہ پر بھارت میں کرکٹ کے "بھگوان "کہے جانے والے سابق بلے باز سچن ٹینڈولکر نے بھی اپنی رائے ظاہر کی ہے۔ سچن ٹینڈولکر کا ماننا ہے کہ ہندوستان کو میچ کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اس سے پاکستان کوہی فائدہ ہوگا۔
نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے سچن ٹینڈولکر نے کہا کہ مجھ کو ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچ نہ کھیل کر انہیں دو پوائنٹس دینے سے زیادہ دکھ ہوگا، کیونکہ اس سے انہیں مدد ملے گی۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں ہندوستان نے ہمیشہ پاکستان کو ہرایا ہے ، اس مرتبہ پھر انہیں ہرانے کا وقت ہے۔