پی ایس ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی

Last Updated On 23 February,2019 09:53 pm

شارجہ: (دنیا نیوز) لاہور قلندرز کے 144 رنز کے ہدف کو گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی شاندار نصف سینچری کی بدولت آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 144 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کے آخری اوور میں حاصل کیا۔ کوئٹہ کی جانب سے کپتان سرفراز احمد نے 36 گیندوں پر 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی، فخرزمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا تو فخرزمان صرف 3 رنز بناکر محمد نواز کا شکار بن گئے، سلمان بٹ اپنے دوسرے میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور صرف 5 رنزبناکر پویلین واپس لوٹے۔

سہیل اختر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کرآؤٹ ہوئے جس میں 3 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا جب کہ پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے کورے اینڈرسن کی اننگز بھی 19 رنز تک محدود رہی اور گزشتہ میچ کے ہیرو ڈیوڈ ویزے اس بار 20 رنز پر ہمت ہار بیٹھے۔ اے بی ڈی ویلیئرز 45 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

21 رنز کے عوض تین وکٹیں لے کر گلیڈی ایٹرز کے غلام مدثر نمایاں بولر رہے۔ سہیل تنویر نے دو جبکہ محمد نواز اور انور علی نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔