لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈکپ شیڈول میں تبدیلی کی بھارتی درخواست پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت موقف اپنانے کا فیصلہ کر لیا۔ پی سی بی، آئی سی سی اجلاس میں سرفراز احمد پر سزا کا معاملہ بھی اٹھائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے آئی سی سی اجلاس میں ورلڈکپ شیڈول میں تبدیلی سے متعلق بھارتی موقف کو آڑے ہاتھوں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی سی بی کا متوقع موقف ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی ٹیم کو کوئی دوسری ٹیم ایونٹ سے دور نہیں رکھ سکتی۔ بی سی سی آئی کی کرکٹ ایڈمنسٹریشن کمیٹی نے جو خط آئی سی سی کو لکھا وہ سی او اے کا اختیار نہیں۔
انگلینڈ میں شیڈول ورلڈکپ میں کسی بھی تبدیلی سے متعلق آئی سی سی دو ٹوک جواب دے چکی ہے کہ شیڈول اور وینیو نہیں بدلے گا، اس کے علاوہ پی سی بی، آئی سی سی اجلاس میں سرفراز احمد پر سزا کا معاملہ بھی اٹھائے گا۔ مصالحتی عمل کے دوران سرفراز پر پابندی عائد کر کے غلط مثال قائم کی، پی سی بی کے انٹی ریسزیم کوڈ میں مصالحت کی آپشن موجود ہے، آئی سی سی بھی مصالحت کا آپش رکھے۔
پی سی بی حکام دیگر بورڈز سے سنئیر اور جونئیر ٹیموں کو پاکستان بھیجنے پر بھی بات چیت کریں گے، آئی سی سی چیف ایگزیکٹوز اجلاس 26 اور 27 فروری جبکہ بورڈ میٹنگ یکم اور دو مارچ کو ہو گی۔