سندھ ہائیکورٹ: رضاکارانہ رقم واپس کرنیوالے سرکاری افسران کے عہدوں کی تفصیلات طلب

Last Updated On 28 February,2019 03:33 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کرپشن کیسز میں پلی بارگین کرنے کے معاملے پرعدالت نے رضاکارانہ رقم واپس کرنے والے سرکاری افسروں کے موجودہ عہدوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ میں سابق سیکرٹری لینڈ غلام مصطفیٰ اور دیگر کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ چیف سیکرٹری نے مختلف محکموں میں تعینات چھتیس افراد سے متعلق رپورٹ پیش کر دی۔ عدالت نے سابق سیکرٹری فنانس مہدی شاہ، سردار شاہ، زاہد شاہ اور نذیر شاہ کی موجودہ عہدوں پر تعیناتی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے کہا کہ یہ بھی بتایا جائے ان افسروں نے کرپشن کب کی اور کتنی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی۔

درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے حکم کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا ہم کیس سمجھنے کے بعد حکم نامہ جاری کریں گے۔ عدالت نے مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔