لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ون ڈے آج نوٹنگھم میں کھیلا جائے گا، دو صفر کے خسارے کا شکار قومی کھلاڑیوں کے پاس سیریز بچانے کا آخری موقع ہے۔ آج محمد حفیظ اور شعیب ملک کو نمائندگی ملنے کا امکان ہے۔
نوٹنگھم کا میدان، آج پھر انگلینڈ اور پاکستان مدمقابل ہوں گے، سیریز کا چوتھا ون ڈے آج پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر پانچ بجے شروع ہو گا۔ دو صفر کے خسارے کا شکار سرفراز الیون کو سیریز بچانے کے لیے میچ جیتنا ضروری ہے۔
بڑی جیت کی امید لے کر شاہینوں نے بڑی محنت کی، سخت ٹریننگ سیشنز میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور خاص طور پر فیلڈنگ میں خامیاں دور کیں۔
آج کے ون ڈے میں قومی ٹیم میں تبدیلی کی جائے گی، سینئر کھلاڑی محمد حفیظ اور شعیب ملک کو نمائندگی ملنے کا امکان ہے، کرکٹ کے فیورٹ موسم میں آج ایک اور ہائی سکورنگ میچ کی توقع ہے۔ ادھر سلو اوور ریٹ کے باعث پابندی کا شکار انگلش کپتان این مورگن نہیں کھیلیں گے۔