انضمام الحق کی خدمات یاد رکھی جائینگی: احسان مانی، وسیم خان

Last Updated On 17 July,2019 07:48 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) وسیم خان نے چیئرمین سلیکشن کمیٹی انضمام الحق کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ بحثیت چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنی خدمات شاندار انجام دیں جس پر انضمام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وہ لیجنڈ پلیئر اور ملکی کرکٹ کے رول ماڈل ہیں جنہوں نے بطور کھلاڑی اور چیف سلیکٹر ملک کی بھرپور خدمت کی ہے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

چیئر مین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ تین سالہ دور میں ہمیں بہت سے نئے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ملے اور میں انضمام کا مشکور ہوں جنہوں نے قائدانہ صلاحیتوں اور کرکٹ کے وسیع تجربہ سے نوازا۔

اس موقع پر ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے بھی چیئرمین سلیکشن کمیٹی کی خدمات کا اعتراف کیا اور کہا کہ انضمام الحق اپنے کام سے پی سی بی کے لیے مثال قائم کر گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم انضمام الحق کی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ مستقبل میں بھی پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

دوسری طرف پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ میں شفافیت اور پروفیشنلزم کے عزم کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کے چیف سلیکٹر کے عہدے کے لیے اشتہار دے گا۔