کولمبو: (دنیا نیوز) سری لنکن منفرد سٹائل کے بولر لیستھ ملینگا نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز کا پہلا میچ ان کے کیریئر کا آخری مقابلہ ہو گا۔
پندرہ سال پہلے اپنے منفرد ایکشن سے دنیائے کرکٹ میں تہلکا مچا دینے والے لیستھ ملینگا نے ون ڈے کیرئر ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ بنگلا دیش کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز 26 جولائی کو کولمبو میں شیڈول ہے، اس میچ کے بعد لیستھ ملینگا ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
خطرناک یارکر کے ماسٹر لیستھ ملینگا نے ورلڈکپ میں 13 شکار کیے، جبکہ میزبان انگلینڈ کے خلاف تینتالیس رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرنا ان کی بہترین کارکردگی رہی، پینتیس سالہ لیستھ ملینگا نے سری لنکا کی طرف سے 30 ٹیسٹ، 250 ون ڈے اور 73 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے۔