لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کے بھی اچھے دن آنے کی امید لگ گئی، پی سی بی کا سری لنکن بورڈ سے رابطہ ہو گیا ہے جس کے بعد آئی لینڈرز نے آئندہ ماہ سیکورٹی وفد پاکستان بھیجنے کی یقین دہانی کرا دی۔
پی سی بی اور سری لنکا کرکٹ بورڈ کے درمیان رابطے کے بعد لنکن بورڈ نے سیکورٹی وفد بھجوانے کی یقین دہانی کروائی ہے جس کی آمد کے بارے میں حتمی تاریخوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سریز اکتوبر میں شیڈول ہے، ٹیسٹ سیریز کا ایک میچ پاکستان میں کھیلنے کے لیے دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے جس سے پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ واپسی کا امکان روشن ہو گیا۔
یاد رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ پاکستان میں نہیں ہو سکی۔