کراچی کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنیوالا 8 رکنی گینگ گرفتار

Last Updated On 22 July,2019 12:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے کالجوں اور سکولوں میں منشیات کی سپلائی میں ملوث 8 رکنی گینگ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ تین خواتین اور پانچ مردوں پر مشتمل گینگ کراچی سے گاڑیاں چوری کر کے بلوچستان لے کر جاتا تھا۔

قوم کے معماروں کو منشیات کی لعنت میں مبتلا کرنے والے گینگ کیخلاف کراچی کے ضلع جنوبی کی پولیس کا ایکشن، تین خواتین سمیت آٹھ رکنی گینگ سکولوں اور کالجوں میں طالب علموں کو چرس،آئس جیسی منشیات سپلائی کرتا تھا۔

گرفتار ملزمان کراچی کے پوش علاقوں میں مختلف مقامات پر منشیات سپلائی کرتے تھے۔ ملزمان میں شامل خاتون کا کہنا ہے کہ اسے دوستوں کے ساتھ کرسٹل اور آئس کی لت لگی۔ شادی کے بعد شوہر کے ساتھ نشہ کرتی تھی۔

گرفتارگینگ سے چارمسروقہ گاڑیاں اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی۔ گینگ کراچی سے گاڑیاں چوری کر کے بلوچستان میں مطیع الرحمان اور خالد کے حوالے کرتے تھے جہاں سے انہیں منشیات مہیا کی جاتی تھیں۔ ملزموں کی نشاندہی پردیگر ساتھیوں کی گرفتاریوں کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔