ورلڈکپ فائنل: نتیجے نے کیویز بیٹسمین روز ٹیلر کا دل توڑ دیا

Last Updated On 26 July,2019 06:27 pm

لندن: (ویب ڈیسک) کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل کے نتیجے نے نیوزی لینڈ کے سینئر بیٹسمین روز ٹیلر کا دل توڑ دیا، بیٹسمین کا کہنا ہے کہ فائنل کا نتیجہ سمجھنے میں مجھے ایک ہفتہ لگا۔

ایک انٹرویو کے دوران کیویز کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ فائنل میچ کے ساتھ جذباتی پن وابستہ ہے، اس دوران کئی نشیب و فراز آئے۔ فائنل میچ برابر ہونے کے بعد امپائرز سے ہاتھ ملانے گیا تو پتہ چلا کہ سپر اوور ہو گا، سپر اوور میں نے صرف ٹی ٹونٹی میں کھیلا ہے۔ ورلڈ کپ فائنل دوبارہ دیکھنے کا کوئی ارادہ اور نہ ہی دوبارہ کبھی فائنل دیکھوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ ہار جاتے تو دوبارہ کرکٹ نہ کھیل پاتا: جوز بٹلر

فائنل ہارنے کے بعد نیوزی لینڈ کے سینئر بیٹسمین دلبرداشتہ ہو کر اپنی فیملی کے ہمراہ فرانس کے دارالحکومت پیرس چلے گئے، اس دوران وہ میڈیا سے دور رہے، اس دوران انہوں نے بتایا کہ پیرس میں فیملی کے ساتھ وقت گزارنے پر آئی سی سی قوانین کی سمجھ آئی۔ ایفل ٹاور کے پاس لوگوں نے آ کر کہا کہ فائنل بہت شاندار تھا لیکن مجھے فائنل میچ کا نتیجہ سمجھنے میں ایک ہفتہ لگا۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ چیمپئن کپتان آئن مورگن نے ورلڈکپ فائنل کے نتیجے پر سوال اُٹھا دیئے

بیٹسمین کا کہنا تھا کہ نتیجہ جو بھی ہوا لیکن مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے جو اس میگا ایونٹ کے دوران بھرپور لڑی اور ملک کا نام روشن کیا، اس دوران شائقین نے بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو سپورٹ کیا جو ہمارے لیے قابل فخریہ لمحہ تھا۔

 

دوسری طرف چھٹیاں منانے میں مصروف سینئر بیٹسمین کا اگلا پڑاؤ اگلے ماہ سری لنکا میں ہو گا جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ، تین ٹی ٹونٹی کھیلے گی۔

یاد رہے کہ بارہویں کرکٹ ورلڈکپ کا فائنل 14 جولائی کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلا گیا تھا،مقررہ 50 اوورز میں نتیجہ برابر ہونے پر میچ کا نتیجہ سپر اوور کے ذریعے ہوا تھا جس میں ایک بار پھر سکور برابر ہون کے باعث انگلینڈ کو زیادہ باﺅنڈریز کی بنیاد پر عالمی چیمپئن قرار دے دیا گیا تھا۔