شادی کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوا: حسن علی

Last Updated On 31 July,2019 07:48 am

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کا کہنا ہے کہ سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ شادی کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خاندان والے مل رہے ہیں اور وہی فیصلہ کریں گے، انشاء اللہ جلد اس بارے میں عوام کو آگاہ کروں گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی میڈیا میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ پاکستانی فاسٹ باؤلر بھارتی لڑکی کو دل بیٹھے ہیں، ان کی جس لڑکی کے ساتھ بات چیت رہی ہے وہ بھارتی پنجاب کے شہر ہریانہ کی ہے۔ لڑکی کا نام شامیہ آرزو ہے اور نکاح 20 اگست کو دبئی میں ہو گا۔

 

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ورلڈ کپ کے دوران فاسٹ باؤلر حسن علی کو بھارتی لڑکی پسند آ گئی تھی، شامیہ آرزو شعبہ کے اعتبار سے انجینئر ہے اور دبئی میں ملازمت کرتی ہیں۔ لڑکی اور لڑکے کے قریبی رشتہ دار 17 اگست تک متحدہ عرب امارات پہنچیں گے۔

اس حوالے سے شامیہ کے والد لیاقت علی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹی کی شادی تو کرنی ہی ہے، چاہے ہندوستان ہو یا پاکستان، اس سے فرق نہیں پڑتا۔ حسن علی بھارتی خاتون سے شادی کرنے والے چوتھے پاکستانی کر کٹر ہونگے۔

یاد رہے اس سے قبل شعیب ملک نے بھارتی معروف ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا سے شادی کی تھی۔ پاکستان کے دو عظیم بلے باز ظہیر عباس اور محسن حسن خان نے بھی ہندوستانی خواتین سے شادی کی ہے۔

اس طرح شادی کے بعد حسن علی بھی شعیب ملک، عظیم بلے باز ظہیر عباس اور محسن حسن خان کے کلب میں شامل ہو جائیں گے۔