کراچی: کے ڈی اے گرڈ سٹیشن میں پانی داخل، بڑے بریک ڈاؤن کا خطرہ

Last Updated On 31 July,2019 05:09 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی، بارش کا پانی کے ڈی اے گرڈ سٹیشن میں داخل ہو گیا جس سے بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ متعدد سڑکیں بھی زیر آب آ گئیں، سپر ہائی وے پر سیلابی پانی کا بڑا ریلا پہنچ گیا۔

بارش نے شہر قائد کاحلیہ بگاڑ دیا، کراچی میں ہر طرف پانی ہی پانی جس سے لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ اکثر علاقوں میں گھروں میں بھی پانی داخل ہو گیا جس کے سبب شہری چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ دو روز میں کرنٹ لگنے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں 5 بچوں سمیت 19 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دیگر واقعات میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ادھر کراچی والوں کیلئے ایک اور خطرے کی گھنٹی بج اٹھی، بارش کا پانی کے ڈی اے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہو گیا جس کے سبب شہر میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا خدشہ ہے۔ شہر کی متعدد سڑکیں پہلے ہی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، بڑا سیلابی ریلہ سپر ہائی وے تک پہنچ گیا جبکہ سبزی منڈی ٹول پلازہ جانے والی سڑک بھی ڈوبی ہوئی ہے۔