کراچی: (دنیا نیوز) بارش کے باعث پاکستان کے معاشی مرکز کراچی کی مارکیٹیں بند رہیں۔ تجارتی مراکز میں بھی پانی بھرا رہا جس سے آمدورفت کے راستے مسدود ہو گئے۔
صدر کراچی تاجر اتحاد عتیق میر کے مطابق کراچی میں جاری بارش کے نتیجے میں شہر کی 90 فیصد سے زائد مارکٹیں بند رہیں، صبح کھلنے والے چند بازار بھی بجلی، ٹرانسپورٹ، سڑکوں پر پانی، ملازمین اور خریداروں کی عدم موجودگی کے باعث دوبارہ بند کر دیئے گئے۔
عتیق میر کا کہنا تھا کہ نالوں کی صفائی نہ ہونے اور اکثر مقامات پر گٹر ابلنے کے سبب بعض تجارتی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہو گیا جس سے کاروبار زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ اولڈ سٹی ایریا، گارڈن اور لیاقت آباد میں بعض دکانوں گوداموں اور کارخانوں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے سامان کو شدیدنقصان پہنچا۔