پاور کمپنیوں سمیت حکومتی ادارے پی ایس او کے 345 ارب روپے کے نادہندہ

Last Updated On 31 July,2019 05:31 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی پی ایس او کو اس وقت مالی مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع وزارت پیٹرولیم کے مطابق مختلف ادارے پاکستان سٹیٹ آئل کے 345 ارب روپے کے نادہندہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاور کمپنیوں نے بجلی کی پیداوار کے لئے پی ایس او سے 218 ارب روپے کی پیٹرولیم مصنوعات تو خریدی مگر ادائیگیاں نہیں کیں۔ سوئی نادرن گیس کمپنی نے 71 ارب روپے کی ایل این جی خریدی مگر رقم کا بندوبست تاحال نہیں کیا جبکہ قومی ایئرلائن پی آئی اے بھی پی ایس او کی 18 ارب روپے کی مقروض ہے، دوسری جانب حکومت نے پی ایس او کے 37 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت گردشوں قرضوں کو کم کرنے لئے بانڈز کا اجراء تو کر رہی ہے مگر ان قرضوں سے مستقل چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں لے رہی، یہی وجہ ہے کہ گردشی قرضوں کا مسئلہ بار بار سر اٹھا رہا ہے۔
۔