لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر، چیف سلیکٹر انضمام الحق اور کپتان سرفراز احمد نے کمیٹی کے سامنے اپنا موقف پیش کر دیا۔
ذرائع کے مطابق کپتان اور کوچ نے ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دے دیا۔
کمیٹی میں پیش ہو کر کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ عالمی ایونٹ کے آخری چار میچوں میں ٹیم نے جاندار کم بیک کیا جو مثالی ہے۔ ٹیم نے ورلڈکپ کی ٹاپ ٹیموں کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
میٹنگ کے دوران کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر نے اپنی تین سالہ کارکردگی کو تسلی بخش قراردیا۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے تین سالہ دور پر بریفنگ دی اور کہا کہ اپنے تین سال میں بابر اعظم ،حسن علی، فخر زمان، امام الحق، آصف علی سمیت کئی باصلاحیت کرکٹرز کو سامنے لایا۔ بطور چیف سلیکٹر میں نے اور پوری سلیکشن کمیٹی نے نیک نیتی سے کام کیا، ہمیشہ بہترین دستیاب کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران کمیٹی اراکین نے کپتان سرفراز احمد، کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق سے مختلف معاملات پر سوالات کئے۔