لاہور: (دنیا نیوز) کشمیر میں بھارت کے ظالمانہ کھیل پر کرکٹ ہیروز بھی کھل کر کھیلنے لگے، لیجنڈری جاوید میانداد اور سپر سٹار کامران اکمل نے وادی میں خون کی ہولی کو نو بال قرار دے دیا، آل راؤنڈر آفریدی نے بوم بوم بیان داغا، ویمن کرکٹر ثنا میر نے بھی مودی سرکار کے خونی کھیل کو آل آؤٹ کر دیا۔
جنت نظیر وادی کشمیر میں آگ و خون کا بھارتی کھیل، مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ بڑے بڑے قومی کرکٹر لڑنے لگے، لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد نے بھارتیوں کو کشمیر میں مظالم پر چھکا جڑ دیا، کہتے ہیں کہ نہتے کشمیریوں پر وحشیانہ تشدد اور ظالمانہ کارروائیوں نے انہیں دکھی کر دیا ہے۔
قومی وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے لکھا کہ معصوم کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم بزدلانہ کارروائی ہے۔
شاہد آفریدی نے کرکٹ کی آل راؤنڈ کارکردگی کی طرح کشمیریوں سے ہمدردی کرتے ہوئے بوم بوم انداز اپنایا ، ظالم بھارت ہی نہیں اقوام عالم کو بھی للکار دیا، سب کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو آزادانہ زندگی کے حقوق دیئے جانے چاہیں، انسانیت سوز کارروائیوں رکوانے کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اظہار یکجہتی کشمیر میں ویمن کرکٹر ثناء میر کی بھی دعائیں شامل ہو گئیں، قومی آل راؤنڈر نے بھی شتر بے مہار مودی سرکار کو لگام ڈالنے کے لیے آواز اٹھا دی۔