نئی دہلی: (ویب ڈیسک) فضائی آلودگی کے باوجود میچ کروا کر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بنگلا دیشی کرکٹرز کی زندگی خطرے میں ڈال دی۔
دنیا بھر میں سموگ اور فضائی آلودگی اپنے پنجھے گاڑ چکی ہے، نئی دہلی کا شمار ان شہروں میں ہوتا ہے جہاں فضائی آلودگی کافی خطرناک حد تک پائی جاتی ہے، چند روز قبل نئی دہلی کو فضائی آلودگی کے حوالے سے گیس چیمبر والا شہر بھی قرار دیا جا رہا تھا۔
بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں اور ٹیموں کے درمیان تین روز قبل ہونے والے پہلے ٹی ٹونٹی میچ پر سموگ کی وجہ سے منسوخی کا خطرہ منڈلا رہا تھا، تاہم اس دوران موسم کی بہتری کے باعث اس میچ کا انعقاد ممکن ہوا، اس میچ میں مہمان ٹیم نے میزبان کو اعصاب شکن میچ میں پچھاڑ دیا تھا۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پہلے ٹی ٹونٹی کے دوران بنگلا دیش کے دوران آل راؤنڈر سومیہ سرکار اور ایک اور کھلاڑی کی فضائی آلودگی کی وجہ سے طبیعت خراب ہوئی تھی اور انہیں الٹیاں بھی ہوئیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے فضائی آلودگی اور دیوالی کے فوری بعد نئی دلی میں میچ رکھنے کے فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بی سی سی آئی کے سربراہ اور سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کا تھا کہ میچ سے دو تین روز قبل ہم نے مقامی انتظامیہ سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ یہاں میچ ہو سکتا ہے، ہم آخری لمحات میں میچ منسوخ نہیں کر سکتے تھے۔