نسیم شاہ کا نام قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے واپس لے لیا گیا

Last Updated On 01 January,2020 05:41 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا نام قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے واپس لے لیا گیا،وہ بنگلادیش کے خلاف قومی سینئر ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ جنوبی افریقہ میں 17 جنوری سے 9 فروری تک جاری رہنے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئندہ میگا ایونٹ کے دوران قومی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ میرے خطرناک ہتھیار ہونگے، مجھے ورلڈکپ کے دوران ان کی ضرورت ہے۔ اب انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ بھی حاصل ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیم مینجمنٹ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو انڈر 19 ٹیم میں شامل کرنے سے گریزاں

ایک سوال کے جواب میں انڈر 19 ٹیم کے پاکستانی ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک نسیم شاہ کو صرف نیوزی لینڈ، انگلینڈ جیسی کنڈیشنز میں کھلایا جانا چاہیے کیونکہ آئندہ سال ایک بڑا ایونٹ آ رہا ہے جو ساؤتھ افریقا میں ہونا ہے، میری نظریں نسیم شاہ پر ہیں، میں اس بارے میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کے ساتھ بات کروں گا کہ آئندہ ٹور کے لیے انہیں (نسیم شاہ) کو آرام دیا جائے۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ جنہوں نے صرف ملکی ڈومیسٹک میں سات فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں، انہوں نے اتنے کم عرصے میں اپنی دھاک سب پر بیٹھا رکھی ہے، اسی کی بنیاد پر وہ دورہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں منتخب کیے گئے تھے، کینگروز دیس میں وہ توجہ کا مرکز تھے۔

اُدھر 16 سالہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے متبادل کے طور پر خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم جونیئر کو سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

محمد وسیم جونیئر اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ اور دورہ جنوبی افریقہ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں، نسیم شاہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔