خدشات کے بادل چھٹ گئے، بنگلا دیش اور پاکستان کے درمیان سیریز کا شیڈول طے پا گیا

Last Updated On 14 January,2020 08:35 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے پا گیا، سیریز میں شامل تین ٹی ٹونٹی میچز، ایک ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز پاکستان میں ہوں گے۔ یہ سیریز دو حصوں میں ہو گی، سیریز میں ایک ون ڈے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات کے دوران دی گئی۔ آئی سی سی کے چیئر مین ششانک منوہر نے سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں معاون کا کردار ادا کیا ہے۔

نئے شیڈول کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی، مہمان ٹیم 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

پی ایس ایل 2020ء کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ تین اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہو گا۔

چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر خوشی کا اظہار کرتے کہا کہ وہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہوں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی چیت ہے۔ شیڈول کے مطابق بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم تین مرتبہ پاکستان آئے گی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پر امن اور محفوظ ملک ہے۔