لاہور: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش کے دورہ پاکستان کے لیے ٹکٹوں کی فروخت اور مالیت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیریز میں شامل 3 ٹی ٹونٹی میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوں گے جبکہ پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کے تین ٹی ٹوئنٹی اور ایک ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے عوام خاص طور پر فیملیز کی سہولت اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سیریز کے لیے ٹکٹوں کے نرخ کم کر دیئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ 18 جنوری کو صبح 10 بجے سے شروع ہو گی، شائقین کرکٹ www.yayvo.com سے ٹکٹ آن لائن بک کر سکتے ہیں تاہم ٹی سی ایس کے مقررہ کردہ سینٹرز سے ٹکٹوں کی فروخت 21 جنوری کو صبح 9 بجے سے شروع ہو گی۔
3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے انضمام الحق، نذر، امتیاز احمد، ظہیر عباس، حنیف محمد، ماجد خان، عبدالقادر، سعید احمد اور سرفراز نواز انکلوژرز کے ٹکٹ 500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
ان میچز میں اے ایچ کاردار، راجاز، جاوید میانداد اور سعید انور انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 1000 روپے مقرر کی گئی ہے جو سری لنکا کے خلاف سیریز میں 1500 روپے تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے مطابق آئندہ سیریز میں عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز کے ٹکٹ 2000 روپے میں فروخت ہوں گے، گزشتہ سیریز میں ان انکلوژرز کے ٹکٹ 3000 روپے میں دستیاب تھے۔
سری لنکا کے خلاف سیریز میں وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژرز کا 5000 روپے میں فروخت ہونے والا ٹکٹ بنگلا دیش سیریز میں 4000 روپے میں دستیاب ہو گا۔
ٹیسٹ سیریز کے راولپنڈی میں شیڈول پہلے میچ کے لیے اظہر محمود، عمران خان، جاوید اختر اور جاوید میانداد انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اس میچ کے لیے میران بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات انکلوژرز کے ٹکٹ 50 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل تمام میچز دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوں گے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق سیریز میں شامل پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا جب کہ واحد ایک روزہ اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی مکمل تفصیلات بھی بعد میں جاری کی جائیں گی۔
شائقین کرکٹ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ٹی سی ایس سنٹرز سے ٹکٹ خریدتے وقت قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔