انڈر 19 ورلڈ کپ: قومی جونیئر کرکٹ ٹیم کی آج اولین آزمائش

Last Updated On 19 January,2020 01:44 pm

پوٹشی فسٹروم (روزنامہ دنیا) انڈر 19 ورلڈ کپ میں قومی جونیئر کرکٹ ٹیم آج اولین آزمائش کیلئے سکاٹ لینڈ سے مقابلے کیلئے میدان میں اترے گی، کپتان روحیل نذیر پرعزم ہیں کہ ان کی ٹیم ایونٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے آخری مرتبہ 14 سال قبل انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا جسے گروپ سی میں آج سکاٹ لینڈ کے بعد 22 جنوری کو زمبابوے اور 24 جنوری کو بنگلہ دیش کا مقابلہ کرنا ہے۔ گروپ میں ٹاپ کرنے پر پاکستانی ٹیم کو گروپ ڈی کی رنرز اپ ٹیم کا 30 جنوری کو تیسرے سپر لیگ کوارٹر فائنل میں سامنا کرنا ہو گا البتہ پاکستانی ٹیم گروپ میں رنرز اپ رہی تو اسے گروپ ڈی کی ٹاپ ٹیم سے 31 جنوری کو آخری کوارٹر فائنل کھیلنا پڑے گا۔

قومی جونیئر ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی بہت زیادہ پرجوش ہیں کیونکہ انہوں نے آٹھ ماہ سے زائد عرصے سے اپنی تیاریاں شروع کر رکھی تھیں اور وہ اسکاٹ لینڈ سے مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس بڑے ایونٹ میں شرکت کی تھوڑی سی گھبراہٹ بھی ہے لیکن یقینی طور پر میدان میں قدم رکھتے ہی سب سنبھل جائیں گے۔