ٹی ٹونٹی ورلڈکپ: اچھی کارکردگی دکھا کر میگا ایونٹ کھیلنا چاہتا ہوں: شعیب ملک

Last Updated On 22 January,2020 10:40 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ میری ون ڈے ورلڈ کپ میں کارکردگی اچھی نہیں تھی۔ پاکستانی ٹی ٹونٹی ٹیم میں اچھی کارکردگی دکھا کر آئندہ ٹی ٹونٹی میگا ایونٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔

بنگلا دیش کیخلاف سیریز سے قبل تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے اور محمد حفیظ کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے نوجوان کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کو سراہتا ہوں۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ قومی ٹی 20 سکواڈ میں ایسے کھلاڑی ہیں جو کافی میچز کھیل چکے ہیں، امید ہے بابر اعظم کی طرح دیگر کھلاڑی بھی تسلسل سے موقع ملنے پر کارکردگی دکھائیں گے۔

پاکستانی آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی تجربے کی بنیاد پر نئے کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں، میری ورلڈ کپ میں کارکردگی اچھی نہیں تھی۔ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کھیلنا چاہتا ہوں، کوشش ہوگی بنگلا دیش کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلا دیش کیخلاف سیریز: تربیتی کیمپ میں حفیظ، شعیب ملک کا خصوصی ’مکالمہ‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہے ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ کرکٹ کھیلوں، سینئرز کے ذاتی ایجنڈے ہوں تو کبھی بھی اچھی چیز نہیں ہوتی۔ محمد حفیظ کی گارنٹی لے سکتا ہوں کہ انہوں نے ہمیشہ ساتھ دیا۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ بطور کپتان ہی آپ کارکردگی دکھا سکتے ہیں، تمام کھلاڑیوں کی سوچ اور کوشش ٹیم کو جتوانے پر ہوتی ہے۔ مایوس ہوتا تو کرکٹ پوری طرح سے چھوڑ دیتا، لیگز میں بھی نہ جاتا۔ مایوسی نہیں ہے بس ٹیسٹ کی وجہ سے تھکا ہوا ہوں۔

آل راؤنڈر کا مزید کہنا تھا کہ ہوتی ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کچھ کروں، مجھے اور حفیظ بھائی کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا۔ میرے خیال میں دیگر کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ کے زیادہ حقدار ہیں۔ پی سی بی کے اقدام کو سراہتا ہوں، نوجوان کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینا اچھی بات ہے۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی جگہ ہے جہاں سیکیورٹی بہترین ہوتی ہے، دنیا میں کہیں بھی پاکستان جیسی سیکیورٹی نہیں ملتی۔