پاکستان بنگلا دیش ٹی ٹونٹی سیریز، پانچ سو والی تمام ٹکٹیں فروخت

Last Updated On 18 January,2020 04:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے بعد عوام کا جوش مزید بڑھنے لگا، بنگلا دیش کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے ٹکٹوں کی آن فروخت شروع ہو گئی ہے جبکہ آج دس بجے سے پہلے ہی پانچ سو کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاک بنگلا دیش ٹی 20 دیکھنے کیلئے عوام میں جنون بڑھنے لگا، پہلے روز صبح سویرے سے 500 روپے والی تمام ٹکٹیں آن لائن فروخت ہو گئیں۔ پی سی بی نے کرکٹ دیوانوں کو تفریح کا زیادہ موقع فراہم کرنے کے لیے قیمتیں مزید کم کر دیں۔

چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلے رواں ماہ 24 تاریخ سے شروع ہونگے، 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو گئی ہے۔ پی سی بی کی طرف سے دی گئی ویب سائٹ پر ٹکٹس خریدی جا سکتی ہیں۔

پی سی بی نے شائقین کو سٹیڈیم میں آنے کے زیادہ مواقع دیتے ہوئے ٹکٹوں کی قیمتیں بھی کم کر دی ہیں۔ عبدالحفیظ کاردار، راجاز، جاوید میانداد، سعید انور انکلوژرز کی ٹکٹیں پندرہ سو سے ایک ہزار روپے کر دی گئیں۔

اسی طرح عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز میں بیٹھ کر میچ دیکھنے والوں کو ایک ہزار روپے فی ٹکٹ رعائت دی گئی ہے جبکہ وسیم اکرم اور وقاریونس کے سب سے مہنگے ٹکٹ بھی ایک ہزار روپے کم کر کے چار ہزار روپے میں خریدے جا سکتے ہیں۔

دورہ پاکستان کے دوسرے مرحلے میں آئندہ ماہ شیڈول واحد ٹیسٹ میچ میں کرکٹ دیوانے راولپنڈی سٹیڈیم میں پانچ سو اور ہزار روپے میں میچ دیکھ سکیں گے۔