لاہور: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے آغاز میں صرف تین روز باقی رہ گئے ہیں، قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کا حصہ بننے والے دو نوجوان کرکٹرز احسان علی اور عماد بٹ بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پر عزم ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔
سیریز کے آغاز سے قبل دونوں کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود کو خصوصی انٹرویو دیا، کراچی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ نوجوان بلے باز احسان علی نے اس خصوصی بیٹھک میں انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی پسندیدہ خوراک ’’بریانی ‘‘ کھانا ترک کر دی ہے۔
شان مسعود کو انٹرویو دیتے ہوئے نوجوان کرکٹر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 31 روز سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سخت فزیکل ٹریننگ کرنے میں مصروف ہیں اور اس دوران ان کی فٹنس میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔
احسان علی کا کہنا تھا کہ این سی اے میں ٹریننگ کے دوران ان کے ڈا ئٹ پلان اور روٹین میں واضح نظم و ضبط دیکھا جا سکتا ہے۔ قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے لیے بہت پر جوش ہوں۔ بابر اعظم، شعیب ملک اور محمد حفیظ جیسے نامور کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا خواب کی مانند ہے۔
Ahsan Ali, Amad Butt in conversation with Shan Masood.
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 20, 2020
More: https://t.co/6U0LaMczbt#PAKvBAN pic.twitter.com/sbRvUfg4BX
قومی ٹی ٹونٹی کپ میں سندھ کی نمائندگی کرنے والے 26 سالہ کرکٹر احسان علی نے پانچ میچز میں 148.86 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 131 رنز بنائے تھے۔ احسان علی نے بنگلا دیش کے خلاف 21 نمبر کی شرٹ بہن کر میدان میں اترنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
2008ء میں پاکستان انڈر15 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے احسان علی آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2010ء میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں، 41 ٹی ٹونٹی میچز میں 129 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 949 رنز بنانے والے احسان علی اپنے لسٹ اے کیریئر میں 38 میچ کھیل کر 1048 رنز بنا چکے ہیں، ان کے لسٹ اے کیریئر میں 4 نصف سنچریاں اور 1 سنچری شامل ہے۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر عماد بٹ کا کہنا تھا کہ سبز ستارے والی شرٹ زیب تن کرنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہو گا۔ کسی مخصوص شرٹ لینے کا خواہشمند نہیں مگر بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں ڈیبیو کرنے کے لیے بیتاب ہوں، آف سیزین میں بھی اپنی فٹنس کا خاص خیال رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک پسندیدہ کرکٹر ہیں اور بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھائوں گا، قذافی سٹیڈیم لاہور میں ڈیبیو کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ ہوم کراؤڈ کے سامنے ڈیبیو کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا گزشتہ سال اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف میچ جتوانا اب تک میرے کیریئر کا یادگار لمحہ ہے۔ روایتی حریف کے خلاف آخری اوورز میں 8 رنز کا دفاع کرنے سے خود اعتمادی بڑھی ہے۔