لاہور: (ویب ڈیسک) قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020ء کے لیے 15 رکنی قومی خواتین کرکٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ حیران کن طور پر سابق کپتان ثناء میر کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا۔
عروج ممتاز کی سربراہی میں کام کرنے والی نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف منتخب کردہ سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ناہیدہ خان ، رامین شمیم اور عائشہ ظفر کی جگہ منبیہ علی، عائشہ نسیم اور ایمن انور کو میگا ایونٹ کے لیے 15 رکنی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تین رکنی سلیکشن کمیٹی کے دیگر اراکین میں مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال شامل ہیں۔
منتخب کردہ قومی خواتین سکواڈ کی اوسط عمر 24.8 ہے جو مستقبل کے حوالے سے سلیکٹرز کی سوچ اور منصوبہ بندی کی مکمل عکاسی کرتی ہے۔
15 رکنی سکواڈ میں میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے 31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہو گا، قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچز 7، 9 اور 11 فروری کو کھیلے گی تاہم روانگی سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا آٹھ روزہ تربیتی کیمپ 23 سے 30 جنوری تک حنیف محمد پرفارمنس سنٹر کراچی میں جاری رہے گا۔
ٹیم میں بسمعہ معروف (کپتان) ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید، جویریہ خان، منبیہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیّدہ عروب شاہ شامل ہیں۔
Pakistan squad for ICC Women’s T20 World Cup announced.#BackOurGirls pic.twitter.com/NfETHilJUA
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 20, 2020
چیئر مین آف نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کے لیے سکواڈ کی تشکیل آسان مرحلہ نہیں تھا، سکواڈ کا انتخاب خواتین کھلاڑیوں کی بین الاقوامی اور قومی کرکٹ میں حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
چیئر آف نیشنل ویمنز سلیکشن کا کہنا تھا کہ سکواڈ سے ڈراپ ہونے والی کرکٹرز دلبرداشتہ ہونے کی بجائے مزید محنت کر کے ایک بار پھر سکواڈ میں واپس آ سکتی ہیں، امید ہے 15 سالہ عائشہ نسیم کا انتخاب دیگر نوجوان کرکٹرز کے لیے حوصلہ کا سبب بنے گا۔
عروج ممتاز کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ سلیکٹرز نے بنگلا دیش کے خلاف سیریز سے لیکر اب تک قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی مستقل رکن اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرز کو سکواڈ میں شامل کیاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 15 رکنی سکواڈ کا انتخاب کرتے وقت آسٹریلیا کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھا گیا ہے، منتخب کردہ سکواڈ میں نئے اورس ینئر کھلاڑیوں کو مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف کا کہنا تھا کہ ہم طویل مشاورت کے بعد آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کےلیے ایک بہترین سکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ثناء میر کو میگا ایونٹ کے لیے ڈراپ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا۔ سکواڈ میں ثناء میر کی شمولیت کی خواہشمند تھیں جس پر سلیکشن کمیٹی اور ان میں طویل مشاورت ہوئی۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے، گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلیڈ، جنوبی افریقا، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔
پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی، قومی ٹیم 28 فروری کو انگلینڈ ، یکم مارچ کو جنوبی افریقا اور تین مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔