لاہور: (ویب ڈیسک) بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے کوچ رسل ڈومنگو کا کہنا ہے کہ حیران ہوں کہ ان فارم محمد عامر کو پاکستان ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔ مجھے سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں۔ فوکس سکیورٹی سے ہٹ کر کھیل پر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لئے بنگلہ دیشی ٹیم 23 جنوری کو لاہور پہنچے گی۔ ٹیم جمعرات کو 3 بجے قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس کریگی بعد ازاں مہمان ٹیم کے کپتان محموداللہ اور بابراعظم ٹرافی کی رونمائی میں شرکت کریں گے۔
صدر بنگلا دیش بورڈ ناظم الحسن 23 جنوری کی رات لاہور پہنچیں گے جبکہ ڈائریکٹر کرکٹ اکرم خان اور چیف سلیکٹر منہاج العابدین بھی ٹیم کے ہمراہ آئیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 24، دوسرا 25 اور تیسرا 27 جنوری کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل تمام میچز دوپہر2 بجے شروع ہوںگے۔
دوسری طرف بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کوچ رسل ڈومنگو کا کہنا تھا کہ بھارت کو ایک ٹی 20 ہرایا ہے، پاکستان کو بھی ہراسکتے ہیں۔ بدقسمتی سے کچھ کوچز نے پاکستان جانے سے منع کر دیا تھا، مجھے پاکستان جانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ میں جائیں گے تو فوکس سکیورٹی سے ہٹ کر کھیل پر ہوگا، میں اعتماد کے ساتھ پہلی بار پاکستان جاؤں گا، پاکستان ٹی 20 کی نمبر ایک ٹیم ہے، اچھا کھیلے تو ہراسکتے ہیں۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ مشفیق الرحیم کا پاکستان نہ جانے کا فیصلہ ذاتی ہے، وہ جاتے تو ٹیم اور اچھا کھیل پیش کرتی۔
ان کا کہنا تھاک ہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی سے پاکستانی ٹیم مضبوط ہوئی ہوگی، حیران ہوں کہ ان فارم محمد عامر کو پاکستان ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیشی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، محمود اللہ (کپتان)، تمیم اقبال، سومیا سرکار، نعیم شیخ، نجم الحسن شانتو، لٹن کمرداس، ایم ڈی متھن، عفیف حسین دھرو، مہدی حسن ٹیم شامل ہیں۔ امین الاسلام، مصطفیٰ الرحمان، شفیع الاسلام ، الامین حسین، روب اور حسن محمود بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
خیال رہے قومی ٹیم کی کپتانی بابراعظم کریںگے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، عماد بٹ، حارث رؤف،افتخار احمد،عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، موسی خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک اور عثمان قادر شامل ہیں۔