انڈر 19 ورلڈکپ سیمی فائنل: بھارت نے پاکستان کو دس وکٹوں سے ہرا دیا

Last Updated On 04 February,2020 07:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میچ میں بھارت نے پاکستان کو دس وکٹوں سے ہرا دیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے سیمی فائنل میچ کے دوران قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس کی طرف سے حیدر علی اور محمد ہریرہ نے اننگز کا آغاز کیا، کوارٹر فائنل میچ میں شاندار بیٹنگ کرنے والے محمد ہریرہ اس بار بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنا کر مشرا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

ون ڈاؤن آنے والے بیٹسمین فہد منیر صفر پر راوی بشنوئی کا شکار بن گئے، اس کے بعد کپتان روحیل نذیر اور اوپنر حیدر علی نے سکور کو آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 62 رنز کی پارٹنر شپ بنی، تاہم اوپنر حیدر علی 77 گیندوں پر 56 رنز بنا کر جیسوال کی گیند پر بشنوئی کو کیچ دے بیٹھے۔

118 کے مجموعی سکورپر قاسم اکرم 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، اس دوران محمد حارث نے کپتان کے ساتھ مل کر جارحانہ اننگز کھیلنے کی کوشش کی تاہم 156 رنز پر محمد حارث 15 گیندوں پر 21 رنز بنا کر انکولکر کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے، کپتان روحیل نذیر نے 102 گیندوں پر 62 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، گرین شرٹس 43.1 اوورز میں 172 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ روایتی حریف بھارت کی طرف سے مشرا نے تین، تائیگی، بشنوئی نے 2.2 شکار کیے۔ 


ہدف کے تعاقب میں بھارت کی طرف سے اننگزکا آغاز جیسوال اور سکسینا نے کیا، دونوں نے شاندار آغاز فراہم کیا اور گرین شرٹس باؤلرز کو بے بس کر دیا۔

بھارتی ٹیم نے ہدف 36 ویں اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کر لیا۔ جیسوال نے شاندار تھری فیگر اننگز کھیلی اور 105 رنز بنائے۔ سکسینا نے 59 رنزبنائے۔ پاکستان کی طرف سے چھ باؤلرز آزمائے گئے تاہم کوئی بھی باؤلرز وکٹ نہ لے سکا۔

Advertisement