شائقین کے بغیر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا تصور ناممکن: ایلن بارڈر

Last Updated On 15 April,2020 09:49 am

سڈنی: (روزنامہ دنیا) سابق آسٹریلین کپتان ایلن بارڈر کا کہنا ہے کہ شائقین کے بغیر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا تصور بھی ممکن نہیں لہٰذا بہتر ہوگا کہ ایونٹ کو منسوخ کر کے اس کا کسی مناسب وقت پر انعقاد کیا جائے۔

موجودہ حالات میں منتظمین کی کوشش ہے کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد خالی سٹیڈیم میں کیا جائے تاکہ کم از کم گھر بیٹھے شائقین میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں تاہم سابق آسٹریلین کپتان ایلن بارڈر کا خیال ہے کہ وہ ورلڈ کپ جیسے ایونٹ کیلئے یہ آئیڈیا قبول نہیں کر سکتے بلکہ خالی سٹیڈیم میں میگا ایونٹ کے انعقاد کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

سابق آسٹریلین کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیمیں، سپورٹ سٹاف اور کھیل سے منسلک دیگر شخصیات محض کھیل کی خاطر ایک جگہ سے دوسری جگہ گھومتے پھریں لیکن لوگوں کو میدانوں میں نہ آنے دیا جائے ایسا کبھی نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ یا تو عالمی وبا کے خاتمے کا انتظار کیا جائے یا بہتر ہوگا کہ اسے منسوخ کر کے کسی مناسب وقت پر اس کا انعقاد ممکن بنایا جائے۔