کورونا متاثرین کی مدد، اظہر علی کا ٹرپل سنچری بلا بھارتی میوزیم نے خرید لیا

Last Updated On 06 May,2020 08:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا واحد ٹرپل سنچری بیٹ اور چیمپئنز ٹرافی شرٹ مجموعی طور پر 22 لاکھ روپے میں نیلام ہوگئی، رقم کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کے لیے خرچ کی جائے گی۔

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے اپنا بیٹ اور شرٹ نیلامی کے لیے رکھی تھی۔

اظہر علی نے اپنی واحد ٹرپل سنچری جس بلے سے بنائی تھی وہ 10 لاکھ روپے میں نیلام ہوا ہے اور یہ بیٹ ایک انڈین میوزیم نے نیلامی میں خریدا۔

اظہر علی کی چیمپئنز ٹرافی وننگ شرٹ 11 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی اور یہ شرٹ کیلیفورنیا میں رہائش پزیر کاش ویلانی نے خریدی۔

نیو جرسی کے شہری جمال خان نے بھی شرٹ کا دس فیصد عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ٹیسٹ کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر نیلامی کے عمل سے 22 لاکھ روپے اکٹھے ہوئے ہیں جو کورونا وائرس کے متاثرین کی براہ راست مدد اور کھیل سے وابستہ مستحق افراد تک بھی پہنچانے کی کوشش کروں گا۔