لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سوالنامے کا جواب جمع کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق سلیم ملک سوالات کے جوابات جمع کرانے پی سی بی ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں انہوں نے اینٹی کرپشن یونٹ کو جوابات جمع کرائے۔
میڈیا سے گفتگو میں سلیم ملک کا کہنا تھا کہ میں نے پی سی بی کو تفصیلی جواب دے دیا ہے لیکن پی سی بی نے جو اسکرپٹ بھیجا ہے وہ مکمل جھوٹ ہے، 8 سال میں نے کیس لڑا تو یہ سب عدالتوں میں کیوں پیش نہیں کیا گیا۔ مجھے لگتا ہے آئی سی سی نے کبھی میرے بارے میں نہیں پوچھا۔
سابق کپتان کا کہنا ہے کہ میں نے 15 روز میں جواب دے دیا لہٰذا امید ہےکہ بورڈ بھی 15 روز میں جواب دے گا، اب میں چاہتا ہوں کہ یہ معاملہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو۔
ایک سوال کے جواب میں سلیم ملک نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ عمر اکمل کو سخت سزا دی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سلیم ملک نے فکسنگ کے حوالے سے سارے راز بتانے کی حامی بھرتے ہوئے 19 سال بعد قوم سے معافی مانگی تھی۔
اس سے قبل انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ محمد عامر اور شرجیل خان کی طرح انھیں بھی کرکٹ میں واپسی کا موقع دیا جائے۔
سلیم ملک کے بیان کے بعد ملک میں نیا پنڈورابس کھل گیا تھا اور ماضی کے کئی کھلاڑیوں پر میچ فکسنگ کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔