کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان حکمت عملی سے متعلق پانچ سالہ پلان سے پرامید ہیں جن کو یقین ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کو کامیابی سے آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وسیم خان کا کہنا ہے کہ مذکورہ پانچ سالہ پلان دو ہزار انیس میں ہی تیار کرلیا گیا تھا جس کی گورننگ بورڈ سے رسمی منظوری کا انتظار تھا اور خوشی کی بات یہ ہے کہ اسے رواں برس فروری میں منظور کرلیا گیا اور اب اس کی باضابطہ نقاب کشائی ممکن ہو سکی۔
چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ دو ہزار انیس سے دو ہزار تیئیس کیلئے تیار کردہ حکمت عملی کے متعدد نکات پر گزشتہ سال سے کام جاری ہے اور وہ اس حوالے سے جاری مثبت پیشرفت پر بہت زیادہ مسرور ہیں۔
وسیم خان نے کہا کہ کئی اعتبار سے ایک واضح، دلچسپ اور قابل حصول روڈ میپ کی تیاری اہمیت کی حامل تھی تاکہ سفر کی سمت کا تعین ہو سکے اور اس سے محض پی سی بی کے افراد ہی نہیں بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز بھی واقف ہوں کیونکہ حکمت عملی سے متعلق منصوبے کاغذ پر زیادہ اہمیت نہیں رکھتے جب تک ان کی انفرادی طور پر جوابدہی نہ ہو مگر مانیٹرنگ کا مربوط نظام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ وہ جو کچھ حاصل کرنا چاہتے ہیں اس پر توجہ مرکوز ہے۔
حکمت عملی سے متعلق پلان کیلئے پرامید وسیم خان کا کہنا تھا کہ اس کی بدولت پاکستان کرکٹ کو کامیابی سے آگے بڑھانا ممکن ہو سکے گا جبکہ انہیں پورا بھروسہ ہے کہ پی سی بی دنیا کے بہترین کرکٹ بورڈز میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے کیونکہ بارہ ماہ قبل جہاں سے اس جدوجہد کا آغاز ہوا تھا اس میں کافی پیشرفت ہو چکی ہے اور یہ پہلو انہیں مزید پرجوش کرتا ہے کہ منصوبوں پر عمل کر کے وہ بہت بلندی تک جا سکتے ہیں۔