لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ باؤلر محمد عامر اور آل راؤنڈر شعیب ملک کی انگلینڈ روانگی کی تفصیلات جاری کر دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے دوسری بیٹی کی پیدائش کے بعد فاسٹ باؤلر محمد عامر انگلینڈ میں قومی ٹیم کو جوائن کریں گے، نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں مساجر کی ذمہ داریاں نبھانے والے محمد عمران کو انگلینڈ بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔
بورڈ کے مطابق محمد عامر اور محمد عمران کی جہاز پر روانگی سے قبل انکے کووڈ19 کے 2 منفی ٹیسٹ آنا لازمی ہے، دونوں کا پہلا کوویڈ 19 ٹیسٹ لیا گیا ہے، پہلے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں انہیں لاہور کے بائیو سیکیور ماحول بھجوادیا جائے گا۔
بورڈ کے مطابق بدھ کو ان کا دوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ لیا جائے گا، محمد عامر کےانگلینڈ میں سکواڈ کو جوائن کرنے کی صورت میں وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو سکواڈ سے ریلیز کردیا جائے گا۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر شعیب ملک کی انگلینڈ روانگی میں اگست کے دوسرے ہفتے تک تاخیر ہے، بھارت میں 31 جولائی تک سفری پابندیوں کے باعث شعیب ملک کی فیملی ری یونین بھی تاخیر کا شکار ہے، ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے شعیب ملک کی انگلینڈ روانگی کی صورت میں سکواڈ سے ایک کھلاڑی کو ریلیز کردیا جائے گا۔