لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر آئیں گے تو روحیل نزیر کو ریلیز کیا جائے گا۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا مسلسل کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ہمارے پاس وقت تھوڑا ہے اور محمد عامر وائٹ بال کرکٹ میں تجربہ رکھتے ہیں۔ محمد عامر کا جو مسئلہ تھا وہ حل ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹیم کی انگلینڈ روانگی سے پی سی بی سے درخواست کی تھی کہ میرے گھر ننھی مہمان آمد متوقع ہے جس کی وجہ سے مجھے اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنے دیا جائے جس کی درخواست ہیڈ کوچ مصباح الحق نے منظور کر لی تھی۔
گزشتہ ہفتے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں محمد عامر نے بتایا کہ میرے گھرپر ایک اور ننھی پری کی آمد ہوئی ہے، جس کا نام زویا عامر رکھا گیا ہے، اس سے قبل ان کی پہلی بیٹی کا نام منساء عامر تھا۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کپتان سے مشاورت کے بعد محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ روحیل نذیر کو محمد رضوان کی جگہ بطور بیک اپ رکھا تھا۔ روحیل نذیر نے یہاں ٹیم کے ساتھ رہ کر بہت کچھ سیکھا۔
انہوں نے کہا کہ محمد عامر آئیں گے تو روحیل نزیر کو ریلیز کیا جائے گا۔ سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک میں چند روز بعد ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔ وہ اپنی فیملی کے ساتھ ہیں امید ہے ٹی ٹونٹی سیریز سے دو ہفتے قبل ٹیم کو جوائن کریں۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ شعیب ملک کے آنے پر فیصلہ ہوگا کہ کس کو ریلیز کیا جائے۔ ہم نے انگلینڈ میں 29 کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ رکھنا ہے۔ کھلاڑی زیادہ ہیں اس لیے مساجر محمد عمران کو بلایا ہے۔