لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں سیریز کے آغاز سے قبل ہی مشکلات سے دوچار ہونے لگی، نوجوان بلے باز خوشدل شاہ انگوٹھے میں فریکچر کے سبب تین ہفتے کے لیے باہر ہو گئے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خوشدل شاہ اس وقت سکواڈ کے مابین کھیلے جا رہے چار روزہ میچ میں شریک نہیں ہیں اور 24 سے 27 جولائی تک ڈربی میں کھیلے جانے والے دوسرے چار روزہ میچ کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔
خوشدل شاہ الٹے ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری کا شکار ہوئے ہیں جس کی وجہ سے وہ تین ہفتے تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
بیان کے مطابق ناخن اپنی جگہ برقرار ہے اور اس پر چوٹ نہیں آئی لہٰذا آرتھوپیڈک سرجن، ٹیم فزیشن اور ٹیم فزیو تھراپسٹ پرامید ہیں کہ خوشدل شاہ آئندہ ہفتے کے آخر میں ٹریننگ کا آغاز کر دیں گے۔ 25سالہ خوشدل دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب پاکستان کے 29 رکنی سکواڈ کا حصہ ہیں۔