لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہائی پرفارمنس سینٹر او ر صوبائی ٹیموں کے لیے کوچز شارٹ کرلیے۔
برطانیہ میں مقیم محمد زاہد باؤلنگ کوچ، عتیق الزمان وکٹ کیپنگ کوچ ہوسکتے ہیں، سابق کپتان محمدیوسف ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ سابق ٹیسٹ آل راونڈر عبدالرزاق نوجوان آل راونڈرز کی رہنمائی کریں گے جبکہ باسط علی، غلام علی بھی کوچز لسٹ کا حصہ ہیں۔
سابق کرکٹرز سے کوچنگ ذمہ داریاں طے ہوگئی ہے البتہ تقرری مالی معاملات اور دیگر شرائط سےمشروط ہیں۔
محمد زاہد نیوزی لینڈ کے خلاف ڈبیو ٹیسٹ میں 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے واحد پاکستانی پیسر ہیں اور انہوں نے 5 ٹیسٹ اور گیارہ ایک روزہ میچوں میں ملک کی نمائندگی کی۔
کمر کی تکلیف کے سبب محمد زاہد کا کیریئر مختصر رہا، 44 سالہ محمد زاہد ان دنوں بولٹن میں کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، وہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں نوجوان بولرز کی رہنمائی کریں گے۔
ایک ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچزکھیلنے والے عتیق الزمان آج کل لنکا شائر ویمنز ٹیم کے ساتھ کام کررہے ہیں، دوسری جانب فاسٹ بولر شعیب اختر نے بولنگ کوچ کے اس عہدہ میں دلچسپی ظاہر نہیں کی جب کہ بیٹنگ کوچ کے لیے محمد یوسف اور آل راونڈرز کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کو ذمہ داری دینے پر اتفاق پایا جاتا ہے، دوسرے سابق کرکٹرز کو صوبائی ٹیموں کے ساتھ کام کرنے کا موقع دیا جارہا ہے۔