کراچی: (روزنامہ دنیا) سابق قومی کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ کوچنگ کیریئر شروع کرنے کا عزم ان کیلئے ہمیشہ ہی کھلا راز رہا تاہم وہ اس روڈ میپ اور مناسب وقت کے منتظر تھے جس میں وہ موثر انداز سے خود کو کارآمد بنا سکیں۔
پی سی بی کی جانب سے موقع ملنے پر خوش محمد یوسف کا مزید کہنا تھا کہ کیریئر کی دوسری اننگز شروع کرنے کا یہی بہترین وقت ہے جب وہ پاکستان کرکٹ سے حاصل شدہ اپنے علم اور تجربے کو نوجوان کھلاڑیوں تک منتقل کرنے میں کامیاب رہیں گے جو ایک سخت چیلنج بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے شمار ٹیلنٹ موجود ہے۔